کس کے گھر جاۓ گا سیلاب بلا میرے بعد
,,پانی رے پانی تیرا رنگ کیسا،،
پانی اور بارش سے متعلقہ اشعار ہمیشہ سے ایک افسانوی سی منظر کشی کرتے ہیں مگر اس بار پانی کا جو رنگ ہم سب نے دیکھا۔ الحفیظ ، الامان ۔جیسے غصے سے پھنکارتا، چنگھاڑتا ہوا ۔
راوی جس کی محبت کے فسوں میں لوگ جیتے ہیں۔
,,جے ایتھوں کدی راوی لنگ جاوے,,
راوی میں اتنا پانی میں نے تو پہلی بار دیکھا ہے۔ راوی خشک کیا ہوئی، پیسے بنانے والا مافیا سرگرم ہو گیا۔ غریب عوام کو جانے کیا سبز باغ دکھائے کہ لوگوں نے اپنی جمع پونجی، اپنے زندگی بھر کے اثاثے لگا کر اپنا مسکن تعمیر کر لیا۔۔
اپنا گھر بنانے کی خواہش کس کو نہیں ہوتی۔ سفید پوش طبقے کے لیے گھر صرف رہنے کا ٹھکانہ نہیں ہوتا، ارمانوں اور آرزوؤں کا مسکن ہوتا ہے ۔خواہ یہ گھر کروڑوں کا ہو یا کوڑیوں کا۔ یادوں اور محبتوں کا مرکز ہوتا ہے۔ گھر ڈوب جائے تو انسان کا سب کچھ ڈوب جاتا ہے ۔
سیلاب نہ صرف گھروں اور زمینوں کو بہا کر لے جاتا ہے بلکہ لوگوں کے خوابوں کو بھی ڈبو دیتا ہے۔ کسان کی برسوں کی محنت سے اگائی ہوئی فصل پلک جھپکتے میں برباد ہو جاتی ہے، مزدور کی چھوٹی سی جھونپڑی مٹی کے ڈھیر میں بدل جاتی ہے، اور بچے جو کل تک سکول جانے کا خواب دیکھ رہے تھے، آج کھلے آسمان تلے بے گھر بیٹھے ہیں۔
وہ لوگ جنہوں نے اپنی زندگی بھر کی کمائی سے چھوٹا سا مکان بنایا تھا، ایک دن کے پانی کے ریلے نے ان کی امیدیں بہا دیں۔ روزگار چھن گیا، تعلیم کا سلسلہ ٹوٹ گیا اور خوشحال زندگی کی چاہت کچے گھروں کی مانند زمین بوس ہو گئی۔ سیلاب صرف پانی نہیں لاتا، یہ مستقبل کی تمام امیدوں اور خوابوں کو بھی اپنے ساتھ بہا لے جاتا ہے۔
کچھ کے خواب زمین کی صورت میں ڈوب گئے، کچھ کے خواب تعلیم کے دروازے بند ہونے پر ٹوٹ گئے، اور کچھ کے خواب بے گھر ہو کر کھلے آسمان تلے سو جانے پر بکھر گئے۔ سیلاب دراصل ایک ایسی بے رحم حقیقت ہے جو لوگوں کو نئے خواب دیکھنے سے بھی ڈرا دیتا ہے۔,,
،،سیلاب کی تباہ کاریاں ،، اردو انگریزی امتحانی پرچے میں آنے والا اہم ترین عنوان ہوتا تھا مگر کبھی سوچا نہ تھا کہ حقیقی زندگی میں اس کی تباہ کاریوں سے کیا جھونپڑی اور کیا محل جیسے خوبصورت گھر، سیلاب نے اپنے راستے میں آنے والے نہ غریب دیکھے، نہ صاحب ثروت ۔۔ اپنی قبضہ شدہ زمین سے بہت لوگوں کا واقعی بہت کچھ بہا لے گیا۔ لوگوں کی بے چارگی، بے بسی دیکھ کر دل دکھ سے بھر گیا ہے۔ اور یہ گھڑی یقیناً آزمائش کی ہے۔۔۔ مگر یاد رہے یہ آزمائش درحقیقت متاٹرین کی نہیں، یہ ہماری آزمائش ہے۔ یارب ہمیں اس آزمائش میں سرخروئی کی توفیق عطا فرمانا ۔ آمین ثم آمین