*لو آئی گرمی*

Spread the love

*لو آئی گرمی*
آج کل پورا ملک شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔ سب جانتے ہیں کہ اس قیامت خیز گرمی کی وجوہات کیا ہیں اور کون سی احتیاطی تدابیر اختیار کر کے کافی حد تک خود کو محفوظ کیا جا سکتا ہے۔

سورج بادشاہ کے غصے سے بچنے کے لیے سب ہی جہاں تک ممکن ہوتا ،کوششیں کرتے۔ مگر ایک خاتون خانہ اس موسم کی شدت کم کرنے کے لئے اپنا ہنر آزماتی ہیں۔ ۔ 

گرمی میں پیاس  تو مانو جان ہی نہیں چھوڑتی، ایسے میں سگھڑ بیبیاں اپنے گھر میں مختلف مشروبات تیار کرتی ہیں۔
مشروبات کا کیا ہے وہ تو باہر سے بھی مل جاتے۔ مگر اس کا کیا کیا جائے کہ گرمی میں حفظان صحت کے اصولوں کا خیال رکھنا بھی تو ضروری ہے نا۔
اس موسم میں  کھانے سے زیادہ مشروبات سے پیٹ بھرتا ہے۔  ایسی لٌو میں کھانے کے ساتھ کچی لسی کیسی ٹھنڈک پہنچاتی ہے۔ سب کو معلوم کہ تھوڑا سا دودھ اور زیادہ پانی ملانے سے یہ نمکین لسی تیار ہوتی ہے۔ بچپن میں ہم بھی یہی سوچتے تھے کہ اس کا کیا فایدہ جو ہمیں زبردستی پینے پر مجبور کیا جاتا ہے۔  یہاں تک کہ اپنے پسندیدہ آم  سے بھی دستبرداری کا اعلان کر دیتے کہ اس کو کھانے کے بعد یہ بد مزہ لسی پینی پڑے گی۔  ایسے میں دادی پیار سے سمجھاتیں کہ٫٫ بچے  یہ لسی جسم کی ساری گرمی چن لے گی،،

دہی کی پتلی نمکین لسی بھی اس موسم میں بڑی مفید ہے۔ بے شکّ ناشتے میں عام طور  پر میٹھی لسی  شوق سے پی جاتی ہے ۔ مگر اس گرمی کا توڑ  دہی کی پتلی نمکین لسی سے کیا جا سکتا ہے۔ اور اگر کچھ میٹھا پینا چاہتے ہیں توجناب  شکر کا ٹھنڈا سا شربت تیار کریں اور اس میں ستو ملا کر پیئں۔ایسی فرحت بخش  تازگی ملے گی کہ  گرمی ہار جائے گی ۔املی آلو بخارے کا شربت بھی اس ضمن میں کافی مشہور ہے۔ 

اب آ جاتے گرمی کے موسم کے رسیلے پھلوں کی طرف جن سے بنے مشروبات سے اندر تک ٹھنڈک اتر  جاتی۔ آم  خربوزہ تربوز انار  سب کا ہی جوس اپنی اپنی پسند   کے مطابق خاتون  خانہ تیار کرتی ہیں رہتی ہیں ۔ مگر مجھے سب سے پہلے فالسے کا شربت یاد آ رہا۔۔ ٹھنڈا میٹھا ۔  فالسے  کو پانی ڈال کر بلینڈ کریں۔ چھان کر  چینی اور کالے نمک کو حسب منشا شامل کرکے اس شربت کو نوش جاں کرنا اس گرم  موسم میں بھی تازہ دم کر دیتا ہے۔

گرمی کے موسم کے لیے ایک اور زبردست ڈرنک کی ترکیب دے رہی ہوں۔ جو مجھے خود بھی بہت پسند ہے۔ اچھے پکے ہوئے اور چھلے ہوئے آڑو ،چینی ، پانی اور برف ڈال کر بلینڈ کر لیں۔( چاہیں تو  ساتھ کینو  کا رس یا کینو کا خشک پاؤڈر یعنی ٹینگ بھی شامل کر لیں۔)    گلاسوں میں یہ مکسچر اتنا ڈالیں کے آدھا گلاس خالی رہے۔ اب لیموں ،کالا نمک اور کوئی سا سفید سوڈا ڈال کر پیش کریں۔
ایسی شدید گرمی میں کولڈ کافی  بھی بہت مزے کی لگتی۔ اگر گلاس میں دو سکوپ آئس کریم بھی شامل کر لیں تو مزا دوبالا ہو جاتا۔ یوں لگے گا جیسے کالام میں دریا کے ٹھنڈے پانی میں پاؤں ڈالے بیٹھے ہیں ۔😀

گرمی میں دودھ سوڈا پینا سب کو پسند ہے ۔  بچپن سے پیتے آ رہے ہیں مگر اب ڈاکٹر کہتے کہ دودھ میں کسی بھی قسم کا سافٹ ڈرنک ملانے سے دودھ کی غذائیت بھی ختم ہو جاتی ہے۔ کچھ بھی ہے مگر ٹھنڈا میٹھا دودھ سوڈا پی کر دل جھوم جھوم جاتا ہے☂️

اور اس گرمی میں ٫٫نیبو پانی،، کو کیسے بھول سکتے ہیں ۔ لیموں کی میٹھی یا نمکین شکنجبین ہی تو ہے جو پسینے کی شکل میں جسم سے خارج ہونے والے نمکیات کو پورا کرنے میں مدد کرتی ہے۔ یہ لیموں آپ  لال شربت میں بھی استعمال کر سکتے ہیں ۔ ارے یہاں مجھے سوندھی سوندھی  خوشبو والا صندل کا شربت بھی یاد آ گیا۔  صندل کے برادے اور گلاب کی تازہ پتیوں سے تیار کردہ مہکتا ہوا شربت گرمی میں  سر سے پاؤں تک ٹھنڈا ٹھار کر دیتا ہے۔  گنے کے رس میں  بھی نمک اور لیموں  شامل کر کے پینا بھی  کتنا خوش گوار لگتا ہے ،مگر یہ اپنے سامنے اسی جگہ سےنکلوایا جاۓ جہاں حفظان صحت کے اصولوں کا خیال رکھا جاتا ہو۔

آم ، کیلے، سٹرابری کے  ملک شیک تو بنتے ہی رہتے ہیں۔  مگر یہاں میں Avocado  کا ملک شیک بنا کر استعمال کرنے کی اس لئے سفارش کروں گی کہ  یہ مختلف بیماریوں جیسے کہ کولیسٹرول ،اور جوڑوں کے درد وغیرہ کے لئے بہت بہت مفید ہے۔ اس کا کریمی سا ٹیکسچر شائد اتنا ذائقے دار نہ لگے مگر فائدے مند بہت ہے۔

لیں جی اب  ایک انتہائی اہم چیز  بتا رہی۔ کتیرا گوند اور تخم بالنگا رات کو بھگو کر صبح  دودھ میں استعمال کرنے سے  جسم کی گرمی دور ہوتی ہے اور طاقت آتی ہے۔۔ طاقت تو سردائی پینے سے بھی بہت  آتی ہے۔ بادام رگڑ کر دودھ میں شامل کر کے پینا بھی تو کتنا مفرح قلب ودماغ ہے۔
اس طرح کے گرم موسم میں مہمان آ جائیں تو کولڈڈرنک کی بجائے ٹھنڈے دودھ میں چینی،  چٹکی بھر الائچی پاؤڈر اور کرش کئے ہوئے پستے بادام  ڈال کر مہمان کو پیش کریں۔  آپ کے مہمان کی روح تک معطر ہو جائے گی ۔ اس میں مشکل کچھ نہیں ۔ کچھ پستے بادام پہلے سے ہی کرش کر کے رکھ لئے جائیں تو عین وقت پر جھٹ پٹ٫٫ گھریلو ربڑی ،، تیار ہو سکتی ہے۔

گرمی  شدید اور آم بھی موجود ۔اور فرج میں کریم کا پیکٹ بھی پڑا ہوا ہو ، تو  بھئ ٹھنڈا ٹھنڈا  مینگو ڈیزرٹ تیار کر کے   رکھ لیں نا۔  بچوں کو مزید خوش کرنے کے لئے اس میں جیلی بھی شامل کی جا سکتی۔ گرمی کو شکست دینے کے لئے ایسے ہی  کئی جگاڑ لگا کے خود کو، بچوں کو  خوش کیا جا سکتا ہے۔ تو جناب گرمی تو ہے مگر شکر الحمدللہ۔  اللہ تعالیٰ نے اس موسم میں بے شمار ایسے پھلوں سے نوازا ہے جو پانی کی کمی پوری کرتے ہیں۔ اس کی نعمتوں کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے۔

How useful was this post?

Click on a star to rate it!

Average rating 5 / 5. Vote count: 103

No votes so far! Be the first to rate this post.