"میتھی: لذت اور صحت کا خزانہ"

“میتھی ،ایک ترکاری: لذت اور صحت کا خزانہ”

Spread the love

میتھی ،ایک ترکاری
ہم میں سے اکثر لوگوں کو کچھ سبزیاں بہت پسند ہوتی ہیں اور کچھ ایسی سبزیاں بھی ہوتی ہیں جن کو کھانا ہم بالکل پسند نہیں کرتے ۔اور پسند ناپسند تو ہر ایک کی اپنی اپنی ہی ہوتی ہے۔ مجھے میتھی آلو کی سبزی بہت پسند ہے ۔ میتھی کے فائدے بھی بہت ہیں۔ میں نے ایک حدیث سنی تھی جس کا مفہوم یہ تھا کہ اگر میری امت کے لوگوں کو میتھی کے فوائد کا علم ہو جائے تو وہ میتھی کو سونے کے بھاؤ بھی خرید کر کھائیں۔ دیکھا گیا ہے کہ کسی بھی کھانے سے اگر دل بھر جائے تو خواہ کتنی بھی عمدہ ترین کیوں نہ ہو پسندیدہ نہیں رہتی۔ مگر یہ پسندیدگی وقتی طور پر کم ہو سکتی ہے۔چیز کا ذائقہ تو تبدیل نہیں ہوتا۔ کیوں نہ ایسی بہترین چیز کو اس طرح پکائیں کہ ہر بار ایک نیا مزہ بھی ملے اور غذائیت کے اعتبار سے بھی مفید ترین ہو ۔
میتھی میں معدنی نمکیات ، فولاد ،کیلشیئم اور فاسفورس کثیر تعداد میں پائے جاتے ہیں ۔ اس کا جوشاندہ حلق کی سوزش، ورم اور سانس کی گھٹن کے لیے بہت مفید ہے۔

میتھی پکانے کے پانچ طریقے

1.سب سے پہلے تو ہمارے ہاں یہ سبزی آلو کے ساتھ ہی پکائی جاتی ہے۔ مگر اس سادہ اور بہترین ذائقے دار سبزی میں بھی مختلف مسالے ڈال کر اسے بھاری بھرکم بنا ڈالتے ہیں۔ میتھی کاٹ کے، دھو کر تھوڑے سے پانی میں گلا لیں۔ اس دوران پین کو ڈھکنا نہ لگائیں تاکہ میتھی کی کڑواہٹ اور کسیلا پن نہ رہے۔ پھر گھی شامل کر کے ساتھ ہی ٹماٹر ، ادرک، ہری مرچ ۔نمک اور سرخ مرچ ڈال دیں۔ میتھی میں پانی کا چھینٹا لگاتے ہوئے بھون کر چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کٹے آلو شامل کر دیں۔ دم میں ہی یہ مزے دار سبزی تیار ہو جائے گی ۔ پورے گھر میں ایسی شاندار خوشبوئیں پھیل جائیں گی۔ ہم نے یہاں کوئی پیاز ، کوئی لہسن استعمال نہیں کیا۔ مگر لاجواب سبزی تیار ہو گئی ۔

2. میتھی قیمہ۔
پہلے آئل یا گھی میں ثابت گرم مسالہ کڑکڑا کر قیمے کو ٹرانسپیرنٹ ہونے تک پکائیں ۔ رنگ بدل جائے تو پیاز، لہسن ادرک ٹماٹر اور نمک مرچ ہلدی ڈال کر بھون لیں ۔ تھوڑا سا پانی شامل کر کے قیمہ گل جانے تک پکائیں۔ اچھی طرح بھن جانے پر کٹی ہوئی میتھی ڈال کر پکا لیں ۔ جب مسالہ گھی چھوڑ دے تو میتھی قیمے کی یہ مزے دار ڈش تیار ہے۔ پراٹھے یا چپڑی روٹی کے ساتھ تناول فرمائیں۔

3. میتھی لوبیا۔
سفید لوبیا اور میتھی الگ الگ ابال لیں۔ ایک پین میں مسالہ تیار کرنے کے لیے ایک پیاز کو گھی میں سوتے کر لیں اور ادرک، ٹماٹر اور نمک مرچ ملا کر مسالہ سا تیا کر لیں۔ اب اس تیار مسالے میں پہلے لوبیا اور پھر میتھی ڈال کر بھون لیں۔اور تھوڑا سا پانی ڈال کر پکائیں۔ آخر میں کریم کے دو تین چمچ ڈال لینے سے ذائقہ بہت بڑھ جاۓ گا۔ سبز مرچ اور ہرے دھنیے سے گارنشنگ کر کے چپاتی یا ابلے چاول کے ساتھ کھائیں ۔

4. میتھی کی روٹی
گندم کا دو پیالی آٹا گوندھ کر اس میں نمک ، مرچ،ہلدی، ایک پیالی کٹے ہوئے میتھی کے پتے، باریک کٹی ہوئی ایک پیاز، چند ہری مرچیں کتری ہوئیں اور ایک چمچ گھی ملا کر دوبارہ سے اچھی طرح گوندھ لیں ۔ جب آٹا سیٹ ہو جائے تو توے پر روٹیاں بنا کر مکھن سے چپڑ دیں۔ دہی کے رائتے کے ساتھ پیش کریں۔ بہت کمال کی روٹی تیار ہو گی۔یہ روٹی شوگر کے مریضوں کے لیے بھی بہترین ہے۔ خاص ڈائبیٹک کے لیے بنانی ہو تو آٹے کے ساتھ تھوڑا سا بیسن بھی ملا لیں۔

5. اوجھڑی میتھی۔
اوجھڑی کو اکثر لوگ پسند نہیں کرتے ۔ پسند ناپسند سے قطع نظر اوجھڑی کو پیاز،لہسن ٹماٹر کا مسالہ بنا کر گھی میں بھونتے ہوئے میتھی ڈال کر پکا لینا ہے ۔ اس طرح سے یہ سالن بہت ذائقہ دار بنتا ہے۔ یاد رہے کہ اس کی صرف گریوی تیار کرنی ہے۔ اضافی پانی نہیں ہونا چاہیے ۔ گھی اوپر آ جانے پر چولہا بند کر دیں اور چپاتی کے ساتھ کھائیں ۔ آپ کو کھا کر مزا آ جائے گا ۔ تازہ میتھی نہ ہو تو قصوری میتھی خشک بھی ڈال سکتے ہیں۔
قصوری خشک میتھی تو کڑاہی گوشت میں بھی مزہ دوبالا کر دیتی ہے۔

اسی طرح مٹر آلو گریوی میں بھی تھوڑی سی میتھی ڈال کر ذائقے کو شاندار بنایا جا سکتا ہے۔
اس کے علاؤہ سردیوں کی سوغات مکس سبزی جو آلو ،گاجر، مٹر، گوبھی پر مشتمل ہوتی ہے ۔ اس مکس سبزی میں بھی میتھی ڈالنے سے ذائقہ کمال ہو جاتا ہے ۔
امید ہے کہ میتھی بنانے کی یہ مختلف تراکیب آپ کو پسند آئیں گی

How useful was this post?

Click on a star to rate it!

Average rating 5 / 5. Vote count: 39

No votes so far! Be the first to rate this post.